Laa By Fatima Noor Readelle50338
Last updated: 10 November 2025
Laa By Fatima Noor
” یہاں کیا کررہے ہو ؟”
” یہ سٹور ہے ، انسان یہاں سے کھانے کے لئے چیزیں لینے آتے ہیں ، میں انسان ہوں اور میں کھاتا بھی ہوں”
وہ کھاتا تھا اسے یقین تھا ، وہ انسان تھا اسے شک تھا
” تو سامان لو اور جاؤ ”
” تم نے میرے سوال کا جواب نہیں دیا ، تمہیں اتنی جلدی جاب کیسے مل گئ ؟”
” تمہیں کوئ اعتراض ہے ؟”
” میں اپنے ملک کے لوگوں کی فکر کرتا ہوں ، میرا خیال ہے مجھے اسٹور کے اونر سے بات کرنی چاہئے ، تم ان خطرناک ہتھیاروں کے ساتھ لوگوں کی زندگی مشکل میں ڈال رہی ہو”
وہ اس کی چوڑیوں کا کہہ رہا تھا ،اس کے گال دہک اٹھے
” میرا پیچھا چھوڑ کیوں نہیں دیتے تم ؟”
وہ سیدھی ہوتی غرائ
” تمہیں غلط فہمی ہے کہ میں تمہارے پیچھے ہوں ، تم نے آخری وہیں جاب کیوں کی جہاں سے میں گروسری کی شاپنگ کرتا ہوں ؟”
اسے علم ہوتا تو مر کر بھی یہاں نا آتی ، اللہ صبر
” تم آخر یہیں سے کیوں شاپنگ کرتے ہو ؟”
” یہاں چیزیں سستی ملتی ہیں ، تمہیں کچھ چاہئے ہو تو بتانا ، میرے خیال سے مجھے دنیا کے سب سے سخی انسان کا خطاب دیا جاسکتا ہے ”
” وہ دن اس دنیا پہ سخاوت کا آخری دن ہوگا ”
” بہت شکریہ ۔۔۔۔”
وہ دو قدم پیچھے ہوا ، سر پہ پہنی کیپ اتارتا کمر کے پیچھے لے گیا ، ایک ہاتھ سینے پر رکھ کر ہلکا سا جھکا ، پھر سیدھا ہوا اور اسے دیکھ کر تپانے والے انداز میں مسکرایا
” لیکن میری آفر برقرار ہے ”
سیٹی گنگناتے وہ ٹرالی گسیٹتا آگے بڑھ گیا ، اس کا خیال تھا اب وہ اپنا سامان لے گا اور چلا جائے گا ، اس کا خیال غلط تھا ، تھوڑی دیر بعد وہ اس کے سامنے کھڑا تھا
” تمہارے سٹور میں چپس نہیں ہے ؟”
” آخری رو میں سامنے پڑی ہے”
” میں آخری رو کے سامنے سے گزر کر یہاں آیا ہوں ”
اس نے جھنجھلا کر اسے دیکھا ، اندھا نا ہو تو
پیر پٹختی وہ آخری رو تک گئ ، چپس کے دو پیکٹ اٹھا کر پٹخنے والے انداز میں اس کی ٹرالی میں رکھے
” یہ رکھے ہیں۔ کیا تمہیں نظر نہیں آتا ؟”
” میں نے کب کہا کہ مجھے نظر نہیں آئے ؟ میں تو صرف پوچھ رہا تھا کہ کیا یہاں چپس ہیں ؟”
کاندھے اچکاتے وہ پھر سے غائب ہوگیا
” کیا ٹوتھ پیسٹ برطانوی ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ سے منظور شدہ ہے ؟”
دو منٹ بعد وہ پھر سامنے ٹھہرا تھا
” مجھے کیا معلوم ؟’
” کیا تمہارا فرض نہیں ؟”
” میں میڈیکل سے تعلق نہیں رکھتی ”
” کریکر کم کیوں ہیں اس مرتبہ ؟”
” میں پچھلی مرتبہ یہاں نہیں تھی ، مجھے نہیں معلوم”
” کیا یہ جوس فریش ہے ؟”
” ہاں …”
” میں کیسے یقین کروں ؟”
” مت کرو اور جاؤ یہاں سے ”
” کیا یہ مصالحہ تیز ہے ؟”
” اپنی آنکھوں میں ڈال کر چیک کرلو ”
” تمہاری زبان نے غالباً یہی چکھا ہے ، یہ یقیناً بہت تیز ہے ”
افففففففف
” کیا یہاں کوئ ایسا پرفیوم ہے جس سے رائن کے جسم سے آنے والی بو ختم کی جاسکے ؟ دراصل وہ دو سال سے نہایا نہیں ہے ”
” تم اپنے لہجے کے بارے میں کیوں نہیں سوچتے ؟”
” کیا تم کہنا چاہتی ہو کہ میرا لہجہ بہت خوشبودار ہے ؟'”
” تمہارا لہجہ رائن سے آنے والی بو سے زیادہ بدبودار ہے ”
” کیا خیال ہے مقابلہ ہوجائے ؟”
اس کی بس ہوگئ تھی ، اس کی اب بس ہوگئ تھی ، دماغ تھا کہ پھٹنے کو تھا
